محکمہ موسمیات نے جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کر دی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح کے وقت چند مقامات پر کہرا پڑ سکتا ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہے گی۔ میدانی اضلاع میں دھند کی شدت بھی برقرار رہنے کا امکان ہے، جس سے ٹریفک کی رفتار پر اثر پڑ سکتا ہے۔
سندھ کے بالائی اضلاع، بشمول سکھر، لاڑکانہ اور دادو، میں بھی درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں سرد اور خشک موسم کے ساتھ پشاور، مردان، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت مختلف علاقوں میں دھند متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کشمیر میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے مقامی ٹریفک اور روزمرہ سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دھند اور کہرا کی شدت کے پیش نظر ڈرائیونگ میں محتاط رویہ اختیار کریں اور سردی سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات کریں۔

Leave feedback about this