ملک کے مختلف علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری ہے اور شمالی علاقوں سمیت بلوچستان میں محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا میں بھی سردی کی صورتحال برقرار رہے گی۔موسم کی شدت کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر کاشتکاروں کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہر قائد میں سرد ہواؤں کے باعث آج موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ رات اور صبح سویرے کے اوقات میں ٹھنڈی ہواؤں کے چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ محسوس کیا گیا۔
دوسری جانب شہر قائد کا فضائی معیار آج بھی انتہائی مضر صحت قرار دیا گیا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہے، جس کے باعث شہریوں خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے، جہاں درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی دی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان نہیں ہے۔
شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ سرد موسم کے دوران مناسب لباس پہنیں، بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھیں اور فضائی آلودگی کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Leave feedback about this