پاکستان تازہ ترین

بااختیار بلدیاتی نظام یا عوامی احتجاج! لیاقت بلوچ نے ملک بھر میں دھرنوں کی تاریخ دیدی

بااختیار بلدیاتی نظام یا عوامی احتجاج! لیاقت بلوچ نے ملک بھر میں دھرنوں کی تاریخ دیدی

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ 21 دسمبر کو ملک بھر میں بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام کے لیے دھرنے دیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے ساتھ مذاق بند کریں اور فوری طور پر بااختیار بلدیاتی نظام نافذ کریں۔ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کا انحصار نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی پر ہے، مگر بدقسمتی سے اسلام آباد سمیت تمام صوبائی حکومتیں بلدیاتی اداروں کو اختیارات اور وسائل دینے سے گریزاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بلدیاتی نظام کو بااختیار نہیں بنایا جاتا، عوامی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

لیاقت بلوچ نے عالمی امور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی دہشت گرد قیادت نے اپنی پالیسیوں سے دنیا بھر میں یہودیوں کو غیر محفوظ بنا دیا ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا میں یہودیوں کی ایک تقریب پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جو دو قومی نظریے کے دشمنوں اور ہندوستان کے آلہ کاروں کے لیے عبرت کا پیغام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام اب مشترکہ دشمن ہندوستان کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہو چکے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے معروف دینی شخصیات پیر عبدالرحیم نقشبندی اور پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور 21 دسمبر کے دھرنے اس جدوجہد کا اہم مرحلہ ہوں گے۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image