پاکستان تازہ ترین

بانی پی ٹی آئی نے ملک کے ساتھ 4 سال کھلواڑ کیا، خواجہ آصف

بانی پی ٹی آئی نے ملک کے ساتھ 4 سال کھلواڑ کیا، خواجہ آصف

خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیض حمید کے خلاف مزید قانونی کارروائی ہوگی، نواز شریف کو ہٹانے اور بانی پی ٹی آئی کو لانے کے منصوبے کے انچارج تھے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیض حمید کے خلاف 15 ماہ تک جاری رہنے والی کارروائی کے بعد سزا سنائی جا چکی ہے، تاہم ابھی مزید الزامات ہیں جن پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جنرل فیض اب جنرل نہیں رہے اور ان سے جنرل کا عسکری اعزاز بھی واپس لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والے واقعات کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، پاک فوج کے اداروں نے شفافیت کے ساتھ سابق آئی ایس آئی سربراہ کے خلاف کارروائی کی، جو ادارہ جاتی احتساب کی واضح مثال ہے۔

وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف کو اقتدار سے ہٹانے اور بانی تحریک انصاف کو لانے کے منصوبے کے اصل انچارج فیض حمید تھے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا یہ پراجیکٹ 10 سے 12 سال قبل شروع کیا گیا، جس پر عمل درآمد فیض حمید کی سربراہی میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی نے مل کر ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا اور سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے ریاستی طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے چار سالہ دورِ حکومت کو فیض حمید کی مکمل سرپرستی حاصل رہی۔ سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا، دھمکیاں دی گئیں اور یہ سب کچھ فیض حمید کی ایما پر ہوتا رہا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پارلیمنٹ کو آئی ایس آئی کا ذیلی ادارہ بنا دیا گیا تھا اور بانی پی ٹی آئی کے لان میں بیٹھ کر ملک کے مستقبل کے فیصلے کیے جاتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے پیچھے بھی فیض حمید کا ذہن کارفرما تھا، جبکہ مین پاور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے فراہم کی۔ ان کے مطابق آج بھی کچھ سازشی عناصر بانی پی ٹی آئی کو واپس اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں، جن کے بیج فیض حمید نے بوئے تھے۔ اگر یہ گٹھ جوڑ برقرار رہتا تو پاکستان اندرونی طور پر تباہ ہو سکتا تھا۔

وزیر دفاع نے ٹاپ سٹی کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فیض حمید کے خلاف یہ بھی ایک بڑا مقدمہ ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نواز شریف کو قید اور جلا وطن کرنے، اور بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے کے تمام فیصلوں کے پیچھے فیض حمید ہی تھے اور ان تمام اقدامات کا فائدہ بھی انہی دونوں کو ہوا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ موجودہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں معرکۂ حق میں کامیابی حاصل ہوئی اور پاکستان کو عالمی سطح پر عزت ملی۔ ان کے مطابق مئی 2025 میں پاکستان نے تاریخ رقم کی اور امریکا سمیت دنیا بھر میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا گیا۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اور فوجی قیادت نے مل کر ملک کو مشکل حالات سے نکالا۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور دوسری جانب پی ٹی آئی طالبان سے مذاکرات کی بات کرتی رہی۔

آخر میں خواجہ آصف نے کہا کہ آج پاکستان دنیا میں سر اٹھا کر کھڑا ہے، اگر ماضی کی سازشیں کامیاب ہو جاتیں تو ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ جاتا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے کالعدم ٹی ٹی پی کو سہولت فراہم کی اور انہیں دوبارہ پاکستان میں لا کر بسایا۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image