بھارت میں سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 2027 میں ریاست میں سماجوادی حکومت قائم ہوتی ہے تو صوبے کے بجلی صارفین کو 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کی جائے گی، جبکہ خواتین کو سالانہ 40 ہزار روپے پنشن بھی دی جائے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو پیرکو لکھنو میں واقع پارٹی کے ریاستی دفتر میں بندیل کھنڈ سمیت مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں آنے والے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے موجودہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست کے عوام صحت خدمات کی بدحالی، کھاد کی قلت اور مہنگائی جیسے مسائل سے جوجھ رہے ہیں۔
اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ اسمارٹ میٹر کے نام پر عوام کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور بجلی کے بلوں میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اب یہ سمجھ میں آ گیا ہے کہ زیادہ میٹر ریڈنگ اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیچھے بدعنوانی کارفرما ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹھیکے دینے سے پہلے ہی کمیشن لیا جاتا ہے اور اس کا بوجھ صارفین پر ڈالا جاتا ہے۔انہوں نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے میٹر بھی ای وی ایم مشینوں کی طرح ہیر پھیر کرتے ہیں اور مہنگی بجلی و گیس ہی موجودہ حکومت کے اقتدار کا خاتمہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسمارٹ میٹر کے نام پر بجلی کی دھوکہ دہی کے خلاف عوام کا غصہ بہت زیادہ ہے۔ اپنے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح مہنگے سلنڈر سے لوگ چولہے میں لکڑی جلا رہے ہیں اور بجلی کے زیادہ بلوں کی وجہ سے گھروں سے بجلی کا کنکشن کٹوانے پر مجبور ہیں،اسی طرح آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا کنکشن بھی کٹنے والا ہے۔

Leave feedback about this