بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کی ہٹ دھرمی کے باوجود بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر کشن سنگھ نے اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرکے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔
دبئی میں ہونے والے انڈر 19 ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے میچ میں ٹاس کے بعد بھارتی انڈر 19 ٹیم کے کپتان نے اپنی سینئر ٹیم کی روش برقرار رکھتے ہوئے پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا۔
تاہم میچ کے دوران جب پاکستانی ٹیم ہدف کا تعاقب کر رہی تھی تو ایک خوشگوار واقعہ پیش آیا جس نے ثابت کیا کہ کرکٹ اب بھی جینٹل مین گیم ہے۔
بیٹنگ کے دوران 60 رنز پرکھیلنے والے پاکستانی بیٹر حذیفہ احسن کے ایک جوتےکا تسمہ کھل گیا جسے انہوں نے باندھنے کی کوشش کی لیکن پیڈز اور گلوز کی وجہ سے انہیں تسمہ باندھنے میں مشکل کا سامنا تھا، اس موقع پر بھارتی فاسٹ بولر کشن سنگھ آگے بڑھے اور انہوں نے جھک کر حذیفہ کا تسمہ باندھ دیا۔
بھارتی کرکٹر کے اس عمل نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے اور اس عمل پر ان کی خوب تعریف کی جارہی ہے کہ انہوں نے ایسا سیاست زدہ ماحول میں بھی اسپورٹس مین اسپرٹ کو زندہ رکھا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے اس موقع کی تصویر کوپکچر آف دا ڈے قرار دیتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ یہ ایک بڑے پیغام کے ساتھ چھوٹا سا عمل تھا کہ کرکٹ صرف جیت اور ہار کا نام نہیں۔ ایک اور صارف نے اسے سال کا یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے بھارتی کرکٹر کو خراج تحسین پیش کیا۔خیال رہےکہ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دی ہے۔
کھیل
انڈر 19ایشیاکپ! بی سی سی آئی کی ہٹ دھرمی کے باوجود بھارتی کرکٹرکا اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ
- by web_desk
- دسمبر 14, 2025
- 0 Comments
- 102 Views
- 1 ہفتہ ago

Leave feedback about this