پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بنگلہ دیش انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
مہمان اسکواڈ ایک چار روزہ اور پانچ ایک روزہ مقابلے کھیلنے کے لیے یکم سے 19 نومبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی، یہ تمام چھے مقابلے 4 سے 18 نومبر تک اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے، محدود طرز کے مقابلے 45 اووروں پر مشتمل ہوں گے۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سال 2022ء پاکستان میں بین الاقوامی ٹیموں کی میزبانی کا سال ہے، لہٰذا وہ نومبر میں بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کا خیر مقدم کرنے کے منتظر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ پاکستان میں 15 سال بعد پہلی جونیئر بین الاقوامی سیریز ہو گی، ایک چار روزہ اور پانچ ایک روزہ کرکٹ کے مقابلوں پر مشتمل یہ سیریز دونوں اطراف کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرے گی، سیریز کے لیے قومی انڈر 19 اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
بنگلہ دیش انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی آمد یکم نومبر کو ہو گی جبکہ 4 تا 7 نومبر چار روزہ مقابلہ کھیلا جائے گا، اس کے بعد پہلا ایک روزہ 10 نومبر کو، دوسرا 12 نومبر، تیسرا 14 نومبر، چوتھا 16 نومبر اور پانچواں 18 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
Leave feedback about this