خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی لگانے کے معاملے پر ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبےکے 8 قبائلی اضلاع سمیت 12 اضلاع میں ایمرجنسی لگائی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کرم، اپر ولوئر جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، باجوڑ، مہمند، خیبر میں ایمرجنسی لگائی جائے گی، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، ٹانک، اورڈی آئی خان میں بھی ایمرجنسی لگائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق 12 اضلاع کے لیے فاٹا کونسل تشکیل دی جائے گی، کونسل سربراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوگا، اے آئی جی بھی کونسل میں شامل ہوگا۔ذرائع کے مطابق کونسل میں ہر ضلع سے 4 مقامی افراد کو بھی شامل کیا جائے گا، یہ کونسل ترقیاتی کاموں، امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر امور دیکھے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ کونسل وفاق کے زیر انتظام ہوگی جبکہ صوبہ کے باقی ماندہ اضلاع میں گورنر راج نافذ کیا جائے گا۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے پر اتفاق کرلیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ آج صبح ساڑھے 9 بجے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری لیے جانے کا امکان ہے۔
