لانگ مارچ سے متعلق سکیورٹی ڈیوٹی کے دوران جان کی بازی ہارنے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد چار ہو گئی
تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش نظر سکیورٹی فرائض کی انجام دہی کے دوران پولیس اہلکاروں کی اموات کا سلسلہ رک نہ سکا، اٹک کے قریب لانگ مارچ کی سکیورٹی کے لیے تعینات پنجاب پولیس کا ایک اور جوان سانپ کے ڈسنے سے جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد اس ڈیوٹی کے دوران جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی کل تعداد چار ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق پنجاب پولیس کے جوان طلحہ کو لانگ مارچ کے لیے سکیورٹی ڈیوٹی پر اٹک کے علاقے میں تعینات کیا گیا تھا، جہاں ڈیوٹی کے دوران ایک زہریلے سانپ نے اہلکار طلحہ کو ڈس لیا، جس کے باعث اس کی حالت بگڑنے پر اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا اور خالقِ حقیقی سے جا ملا، اس اچانک اور دردناک واقعے سے پولیس فورس میں شدید غم و غصہ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی، جبکہ اہلکار کے اہلِ خانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے۔
