نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خطہ پوٹھوار اور بالائی خیبر پختونخوا میں آج سے 17 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،اس کے علاوہ بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بھی شدید بارش متوقع ہے۔
سائنسی ماڈلز اس موسمی نظام کے نتیجے میں مختصر دورانیے میں شدید بارش کی نشاندہی کر رہے ہیں،متوقع بارش کے باعث نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں تیز بہاؤ، مقامی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شدید بارش کے دوران نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر محتاط رہیں اور مقامی انتظامیہ، محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین موسمی و ہنگامی ہدایات پر عمل کریں۔
