سرورِ کونین ﷺ کے یومِ ولادت پر قریہ قریہ روشن،گھر، گلیاں، مساجد اور شاہراہیں چراغاں سے جگمگا اٹھیں،گنبدخضریٰ اورخانہ کعبہ کے ماڈل اورسبزجھنڈوں کی بہار،ہر سو درود و سلام کی صدائیں، نبی آخرالزماں ﷺ کے ذکر کی محفلیں سج گئیں
ملک بھر میں آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یومِ ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے جشنِ میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، سرورِ کونین ﷺ کے یومِ ولادت پر قریہ قریہ روشن ہو گیا،گھر، گلیاں، مساجد اور شاہراہیں چراغاں سے جگمگا اٹھیں،گنبدخضریٰ اورخانہ کعبہ کے ماڈل اورسبزجھنڈوں کی بہار آگئی،ہر سو درود و سلام کی صدائیں، نبی آخرالزماں ﷺ کے ذکر کی محفلیں سج گئیں۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں محافلِ میلاد، نعت خوانی کی محافل، ریلیوں اور جلوسوں کا انعقاد کیا گیا، جبکہ گلیاں، بازار اور اہم شاہراہیں برقی قمقموں اور سبز جھنڈوں سے سجادی گئیں۔
لاہور میں جشنِ میلاد النبی ﷺ کی آمد پر شہر بھر میں چراغاں کیا گیا، گلیاں، بازار اور مساجد برقی روشنیوں سے جگمگا اٹھیں، جبکہ ٹاؤن ہال سمیت اہم عمارتوں اور گرین بیلٹس کو بھی خوبصورتی سے روشن کیا گیا۔ ماڈل ٹاؤن میں مشعل بردار جلوس نکالا گیا جس میں خوبصورت بگھیاں اور اونٹ بھی شامل تھے۔
کراچی میں بھی گلی گلی اور قریہ قریہ جشنِ میلاد کی مناسبت سے چراغاں کیا گیا، مختلف مقامات پر اسٹالز سجائے گئے جہاں موئے مبارک کی زیارت کا اہتمام کیا گیا، جبکہ مسجد نبوی ﷺ اور خانہ کعبہ کے خوبصورت ماڈلز بھی رکھے گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں عاشقانِ رسول ﷺ کی جانب سے محافلِ میلاد اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
پشاور میں رحمت اللعالمین ﷺ کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لیے نعت خوانی اور میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی محافل منعقد کی گئیں، کوئٹہ میں بھی مختلف مقامات پر چراغاں کیا گیا اور محافلِ نعت و میلاد النبی ﷺ کے ساتھ جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔
اسلام آباد بھی جشنِ میلاد النبی ﷺ کی خوشیوں میں جگمگا اٹھا، شہر کے مختلف علاقوں میں چراغاں کیا گیا جبکہ جشنِ آمدِ رسول ﷺ کے نعرے گونجتے رہے۔ مساجد میں خصوصی عبادات اور محافل کا اہتمام بھی کیا گیا۔
ملک کے دیگر شہروں میں بھی جشنِ میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جہاں عاشقانِ رسول ﷺ درود و سلام اور نعت خوانی کے ذریعے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔
