بینک سے آسان اقساط پر گاڑی خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی۔ پاکستان میں آٹو فنانسنگ پہلی بار تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
سٹیٹ بینک پاکستان کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں آٹو فنانسنگ گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 35.2 فیصد بڑھ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 میں آٹو فنانسنگ کا حجم 286 ارب روپے تھا، جو جولائی 2026 میں بڑھ کر 386 ارب روپے ہو گیا، جبکہ جون 2026 کے مقابلے میں بھی ماہانہ بنیاد پر 1.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آٹو فنانسنگ میں اضافے کی بڑی وجوہات میں بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں اضافہ، آٹو لونز کی بڑھتی ہوئی طلب اور نجی شعبے کے قرضوں میں مجموعی اضافے کو قرار دیا جا رہا ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2026 میں نجی شعبے کے قرضے 15 فیصد اضافے کے بعد 10.9 ٹریلین روپے تک پہنچ گئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹو فنانسنگ میں ریکارڈ اضافہ آٹو انڈسٹری کے لیے مثبت اشارہ ہے، تاہم اسے گاڑیوں کی فروخت میں اسی تناسب سے اضافے کا براہِ راست ثبوت قرار نہیں دیا جاسکتا۔
