ایران کا دنیا کا سب سے بڑا سولر پلانٹ بنانے کا منصوبہ، چین اور بھارت بھی پیچھے رہ جائیں گے تازہ ترین Roze News
تازہ ترین دنیا معیشت و تجارت

ایران کا دنیا کا سب سے بڑا سولر پلانٹ بنانے کا منصوبہ، چین اور بھارت بھی پیچھے رہ جائیں گے

ایران کا دنیا کا سب سے بڑا سولر پلانٹ بنانے کا منصوبہ، چین اور بھارت بھی پیچھے رہ جائیں گے

ایران کا دنیا کا سب سے بڑا سولر پلانٹ بنانے کا منصوبہ، چین اور بھارت بھی پیچھے رہ جائیں گے

ایران نے دنیا کا سب سے بڑا سولر پاور پلانٹ بنانے کا منصوبہ تیار کرلیا، اصفہان میں 5 ہزار میگاواٹ کا شمسی بجلی گھر تقریباً 6 ہزار ہیکٹر رقبے پر تعمیر کیا جائے گا، منصوبے پر 2.8 ارب ڈالر کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق اصفہان کے علاقے کوہپایہ میں سولر پاور پلانٹ کی تعمیر کا سنگِ بنیاد جلد رکھا جائے گا۔

اصفہان گورنر ہاؤس کے انرجی ڈیسک کے سربراہ ابراہیم کریمی نے بتایا کہ منصوبے پر کام جلد شروع ہوگا۔ منصوبہ تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا، جن میں دو مرحلے 2،2 ہزار میگاواٹ جبکہ تیسرا مرحلہ ایک ہزار میگاواٹ کا ہوگا۔

اصفہان کے گورنر مہدی جمالی نژاد کے مطابق منصوبہ مکمل ہونے کے بعد یہ دنیا کا سب سے بڑا سولر پاور پلانٹ بن جائے گا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ چین اور بھارت میں اس وقت دنیا کے بڑے سولر پاور پلانٹس موجود ہیں تاہم اصفہان کا 5 ہزار میگاواٹ کا منصوبہ نصب شدہ پیداواری صلاحیت کے اعتبار سے ان سے بڑا ہوگا۔

مقامی حکام کے اندازے کے مطابق منصوبہ مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد ایران کی ماہانہ بجلی کی طلب کا تقریباً 10 فیصد پورا کرنے کی صلاحیت رکھے گا، جس سے ملک میں جاری بجلی کے بحران میں بھی نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔

ایران کے پارلیمانی ریسرچ سینٹر کے مطابق رواں سال موسم گرما میں بجلی کی طلب عروج پر پہنچنے کے دوران ملک کو تقریباً 13.6 گیگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔

حکام کے مطابق قومی گرڈ میں 5 گیگاواٹ شمسی بجلی شامل ہونے سے بجلی کی قلت میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے اور لوڈشیڈنگ میں تقریباً نصف تک کمی ممکن ہے۔

ایران نے حالیہ برسوں میں بجلی کی بار بار پیدا ہونے والی قلت پر قابو پانے اور توانائی کے شعبے میں شمسی بجلی کا حصہ بڑھانے کے لیے قابلِ تجدید توانائی میں سرمایہ کاری تیز کردی ہے۔

حکام کے مطابق اصفہان کا منصوبہ مقررہ صلاحیت کے مطابق مکمل ہونے کی صورت میں ایران کی قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری میں شامل ہوگا اور ملک کو بڑے پیمانے پر سولر بجلی پیدا کرنے والے نمایاں ممالک میں شامل کرسکتا ہے۔

Exit mobile version