دبئی میں طبی معائنہ مکمل، کچھ ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں، چیک اپ اورڈاکٹروں کی ہدایات کے بعد قمر باجوہ واپسی کا فیصلہ کریں گے، متحدہ عرب امارات میں سابق آرمی چیف بیٹے کے پاس قیام کریں گے؛ خاندانی ذرائع
پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ گھر میں گر کر شدید زخمی ہونے کے بعد ابتدائی علاج مکمل کروا کر مزید طبی معائنے اور معالجین کی دیکھ بھال کے لیے بیرون ملک منتقل ہو گئے۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف اس وقت متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں جہاں دبئی کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، یو اے ای میں ماہر ڈاکٹروں کی جانب سے تفصیلی چیک اپ کے بعد جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کی طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے، تاہم ان کے کچھ اہم طبی ٹیسٹوں کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے حتمی تجاویز، رپورٹس کے جائزے اور ہدایات کی روشنی میں ہی پاک فوج کے سابق سربراہ کی پاکستان واپسی کی تاریخ اور حتمی فیصلہ کیا جائے گا، فی الوقت سابق سپہ سالار کچھ دن متحدہ عرب امارات میں اپنے بیٹے کے پاس قیام کریں گے۔
یاد رہے کہ سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ تقریباً ساڑھے چار ماہ قبل اپنی رہائش گاہ پر اچانک پاؤں پھسلنے سے گرگئے تھے، جس کے نتیجے میں ان کے سر اور کمر پر شدید چوٹیں آئی تھیں، اس حادثے کے فوراً بعد انہیں سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کیا گیا جہاں وہ مسلسل 3 ہفتے تک زیرِ علاج رہے اور فوجی معالجین کی زیرِ نگرانی ان کی نگہداشت کی جاتی رہی۔

Leave feedback about this