پاکستان کے اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز کے جیولین تھرو مقابلے کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جبکہ قومی ایتھلیٹ محمد یاسر سلطان فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ 12 ایتھلیٹس میں جگہ بنالی۔ جیولین تھرو کا فائنل مقابلہ کل گلاسگو میں کھیلا جائے گا۔
کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے پہلی تھرو 78.63 میٹر کی پھینکی، دوسری تھرو ضائع ہوگئی، جبکہ تیسری کوشش میں انہوں نے 75.65 میٹر کی تھرو کی۔
دوسرے پاکستانی ایتھلیٹ محمد یاسر سلطان کی پہلی تھرو ضائع ہوگئی، انہوں نے دوسری کوشش میں 71.42 میٹر جبکہ تیسری کوشش میں 74.36 میٹر کی تھرو کی، تاہم وہ فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرسکے۔
دوسری جانب بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔ ابتدائی تھرو میں وہ ارشد ندیم سے پیچھے رہے، تاہم دوسری کوشش میں انہوں نے 79.61 میٹر کی تھرو کرکے اپنی پوزیشن بہتر بنالی۔
ادھر میاں چنوں میں ارشد ندیم کی کامیابی کے لیے اہل علاقہ بڑی تعداد میں ان کے گھر جمع ہوگئے۔ کوالیفائنگ راؤنڈ دیکھنے کے لیے ان کے گھر پر جشن کا سماں رہا، جہاں لوگوں نے قومی ہیرو کی کامیابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔
