پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تقریباً 16 ہزار افغان شہریوں کے قیام میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ قانونی ویزا یا سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی افغان شہری کو پاکستان سے بے دخل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے قائم آئی ایف آر پی کے تحت تقریباً 89 ہزار افغان شہریوں کے کیسز پر کارروائی جاری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انسانی بنیادوں پر خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت تقریباً 16 ہزار افغان شہریوں کے پاکستان میں قیام میں توسیع کی جا رہی ہے۔
طاہر اندرابی نے چترال کے قریب سرحدی علاقوں میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق سوال پر کہا کہ اس حوالے سے کوئی مصدقہ معلومات موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے آنے والی اطلاعات کی زمینی سطح پر تصدیق ضروری ہے اور غیر مصدقہ رپورٹس پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں۔
