آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیشگوئی کر دی پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین موسم

آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیشگوئی کر دی

آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیشگوئی کر دی

آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 29 جولائی سے بارشوں کے ایک نئے طاقتور سلسلے کے داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کریں گی، جبکہ یکم اگست سے مغربی ہواؤں کا ایک مضبوط سلسلہ بھی ملک کے بیشتر حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

کشمیر میں آج رات سے 5 اگست تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار سے انتہائی موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 29 جولائی سے 4 اگست تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ملتان، وہاڑی، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 31 جولائی سے 3 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں 29 جولائی سے 5 اگست تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر شدید بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں آج شام اور رات سے 6 اگست تک درمیانی سے شدید بارشوں کا امکان ہے۔

بلوچستان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں 31 جولائی کی شام سے 3 اگست تک بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی 31 جولائی سے 2 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں 30 جولائی سے 4 اگست تک اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جن میں نواب شاہ، سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹھی، میرپور خاص، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو اللہ یار شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے،شدید بارش، آندھی اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور مکانات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

کسانوں کو موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے جبکہ مویشی پال افراد کو جانوروں کی حفاظت یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے،تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل رکھنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Exit mobile version