آٹے کی سرکاری قیمت مقرر! بالآخرحکومت نے فیصلہ سنا دیا تازہ ترین Roze News
تازہ ترین معیشت و تجارت

آٹے کی سرکاری قیمت مقرر! بالآخرحکومت نے فیصلہ سنا دیا

آٹے کی سرکاری قیمت مقرر! بالآخرحکومت نے فیصلہ سنا دیا

آٹے کی سرکاری قیمت مقرر! بالآخرحکومت نے فیصلہ سنا دیا

خیبر پختونخوا حکومت نے سال 2026 کے لیے گندم کوٹہ جاری کرنے کی منظوری دیتے ہوئے آٹے کی سرکاری قیمت مقرر کر دی ہے۔ محکمہ خوراک کے مطابق صوبے کی فلور ملوں کو روزانہ 2 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کی جائے گی۔

فوڈ ڈائریکٹوریٹ نے صوبے کے تمام اضلاع کے لیے گندم کا یومیہ کوٹہ جاری کر دیا ہے۔ فلور ملوں کو سرکاری گندم 11 ہزار 200 روپے فی 100 کلو کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔

حکومت کی جانب سے گندم کے اجرا کے بعد 20 کلو آٹے کی ایکس مل قیمت 2500 روپے جبکہ ریٹیل قیمت 2520 روپے مقرر کی گئی ہے۔

محکمہ خوراک کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق تمام آپریشنل فلور ملوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ فلور ملوں کو کم از کم 30 روز کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گندم کی فراہمی 2026 کے منظور شدہ ایس او پیز کے مطابق کی جائے گی، جبکہ سرکاری آٹے میں نمی کی شرح 13.5 فیصد سے زیادہ ہونے کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

گندم کوٹے کے مطابق پشاور ضلع کو روزانہ سب سے زیادہ 218 میٹرک ٹن گندم فراہم کی جائے گی، جبکہ مردان کو 125، صوابی کو 87 اور چارسدہ کو 84 میٹرک ٹن یومیہ کوٹہ دیا گیا ہے۔

اسی طرح نوشہرہ کے لیے 80، دیر لوئر کے لیے 76، سوات کے لیے 74 جبکہ باجوڑ اور چترال اپر کے لیے 59 میٹرک ٹن روزانہ گندم مختص کی گئی ہے۔

محکمہ خوراک کے مطابق گندم کا یومیہ کوٹہ اضلاع کی آبادی کے تناسب سے مقرر کیا گیا ہے۔ فوڈ ڈائریکٹوریٹ نے تمام ڈویژنل اور ضلعی افسران کو احکامات جاری کر دیے ہیں، جبکہ فلور ملوں کو گندم کی ترسیل مرحلہ وار یقینی بنائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام کا مقصد سرکاری گندم کی شفاف فراہمی، آٹے کے معیار کو بہتر بنانا اور عوام کو مقررہ نرخوں پر آٹا فراہم کرنا ہے۔

Exit mobile version