آل پاکستان پٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن نے غیر معینہ مدت تک ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت آج رات 12 بجے ملک بھر کے پٹرول پمپس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایسوسی ایشن اور وزیر پیٹرولیم کے درمیان مذاکرات کامیاب نہ ہو سکے، جس کے بعد پٹرول پمپ مالکان نے ہڑتال کا اعلان کیا۔
ایسوسی ایشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مارجنز میں اضافے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ نفاذ سمیت دیگر مطالبات پر مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔
آل پاکستان پٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن نے ملک بھر کے پٹرول پمپ مالکان کو ہڑتال میں بھرپور شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول پمپ مالکان کے جائز مطالبات پر فوری اور قابل قبول فیصلہ کیا جائے، بصورت دیگر ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب ہڑتال کے معاملے پر پٹرول پمپ مالکان کے درمیان اختلافات بھی سامنے آئے ہیں۔ سندھ اور بلوچستان کے ڈیلرز نے ہڑتال میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حکومت نے مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور ایک ہفتے کی مہلت مانگی ہے۔ اس صورتحال پر آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
