محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں علی الصبح ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی محسوس کی جا رہی ہے۔
لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان برقرار ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ ہلکی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
دوسری جانب کراچی میں موسم ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے بعض علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ وقفے وقفے سے تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں جنوب مغربی سمت سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں آج موسم گرم اور شدید حبس والا رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح اور شام کے اوقات میں بعض مقامات پر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ ہواؤں کی رفتار تقریباً 7 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں دن کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر بارش متوقع ہے۔
موسم کی بدلتی صورتحال کے باعث شہریوں کو آئندہ چند روز کے دوران بارش اور تیز ہواؤں کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
