ماہِ صفر 1448 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج، اعلان رات کو متوقع ہے ۔
ماہِ صفر المظفر 1448 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور محکمہ موسمیات کی رپورٹ کی روشنی میں چاند نظر آنے یا نہ آنے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کی صدارت کریں گے، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے متعلقہ شہروں میں منعقد ہوں گے۔ اجلاسوں میں موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد ماہِ صفر کے آغاز کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج (15 جولائی) کی شام صفر المظفر کا چاند نظر آنے کے روشن امکانات موجود ہیں۔ فلکیاتی ماہرین کے مطابق اگر پیشگوئی درست ثابت ہوئی تو پاکستان میں یکم صفر المظفر 16 جولائی بروز جمعرات ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نئے قمری مہینے کا چاند 14 جولائی کو دوپہر 2 بج کر 43 منٹ پر پیدا ہوا، جبکہ 15 جولائی کی شام چاند کی رویت کے لیے فلکیاتی حالات انتہائی موزوں ہوں گے۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث چاند دیکھنے کے امکانات مزید روشن ہو گئے ہیں۔ کراچی میں غروبِ آفتاب کے بعد چاند تقریباً 64 منٹ تک افق پر موجود رہے گا، جبکہ رات 8 بج کر 28 منٹ تک اس کی رویت ممکن ہوگی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا حتمی اعلان اجلاس کے اختتام پر کیا جائے گا، جس کے بعد ملک بھر میں ماہِ صفر المظفر کے آغاز کی باضابطہ تصدیق کر دی جائے گی۔
