تیل کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں نے بھی نئی اُڑان بھر لی پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین معیشت و تجارت

تیل کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں نے بھی نئی اُڑان بھر لی

تیل کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں نے بھی نئی اُڑان بھر لی

تیل کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں نے بھی نئی اُڑان بھر لی

امریکی حملوں کے اثرات، عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میںناقابل یقین اضافہ سامنے آگیا ۔

ایران پر امریکی حملوں کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، تاہم سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ اثاثوں کی خریداری کے رجحان کے باعث سونے کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد اضافے کے ساتھ 4,125.59 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچر کی اگست کی قیمت 0.5 فیصد کمی کے ساتھ 4,136.30 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور ڈالر کی مضبوطی نے عالمی مالیاتی منڈیوں کو متاثر کیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہنگائی کے خدشات دوبارہ بڑھنے سے بانڈ مارکیٹ دباؤ میں آئی، جس کے باعث ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا اور سونے کی قیمتوں میں عارضی کمی بھی دیکھی گئی، تاہم بعد ازاں مارکیٹ نے استحکام کی کوشش کی۔

عالمی میکرو تجزیہ کار ایلیا اسپیوک کے مطابق سونا اس وقت اپنی قیمتوں کے لیے ایک نچلی سطح بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ سرمایہ کار عالمی حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران پر نئی فضائی کارروائیوں اور تیل کی فروخت سے متعلق اجازت نامہ منسوخ کیے جانے کے بعد عالمی منڈی میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہوئی۔ اس دوران امریکی خام تیل کی قیمتوں میں ابتدائی کاروبار کے دوران تقریباً 3 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ امریکی ٹریژری بانڈز کی پیداوار اور ڈالر کی قدر میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب سرمایہ کاروں کی نظریں اب امریکی فیڈرل ریزرو کے اجلاس کی تفصیلات پر مرکوز ہیں، جن سے مستقبل میں شرح سود کے حوالے سے پالیسی کے اشارے ملنے کی توقع ہے۔ ماہرین کے مطابق بلند شرح سود سونے جیسی سرمایہ کاری پر دباؤ ڈالتی ہے، کیونکہ سونا کوئی منافع فراہم نہیں کرتا، تاہم عالمی غیر یقینی صورتحال میں اسے محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔

دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت میں 0.8 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 60.47 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جبکہ پلاٹینم 0.3 فیصد کمی کے بعد 1,635.45 ڈالر اور پیلیڈیم 0.6 فیصد کمی کے بعد 1,268.64 ڈالر فی اونس پر آ گیا۔

Exit mobile version