وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کی بھرتیوں کو نوجوانوں کیلئے سنہری موقع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر سے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں اور تمام عمل صرف میرٹ پر ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے ایک طویل انتظار کے بعد بڑا روزگار کا موقع سامنے آ گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس میں 1,712 آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کیا گیا ہے، جسے ملک بھر کے امیدواروں کے لیے سنہری موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اگر کسی امیدوار میں پاکستان کی خدمت کا جذبہ، ہمت اور دیانتداری کے ساتھ کام کرنے کا عزم موجود ہے تو یہ اس کے لیے بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی بھرتیوں کے لیے ملک کے کسی بھی صوبے، علاقے یا شہر سے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ ٹیسٹ بھی امیدواروں کے قریبی مراکز میں منعقد کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
وزیر داخلہ کے مطابق بھرتی کے عمل میں صرف اور صرف میرٹ کو مدنظر رکھا جائے گا، جبکہ کسی بھی قسم کی سفارش یا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی کوشش کو فوری طور پر نااہلی کا باعث بنایا جائے گا۔
انہوں نے نوجوانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ درخواست جمع کرانے کے لیے صرف چند دن باقی ہیں، اس لیے اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھایا جائے اور بروقت درخواست جمع کرائی جائے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے اس بھرتی مہم کو ملک بھر کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے ایک اہم اور تاریخی موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
