خیبرپختونخوا کے علاقے دانا سر میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 40 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسافر بس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیانی علاقے دانا سر میں افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ معاون وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ دانہ سر میں المناک مسافر بس حادثے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی ولی کاکڑ کے مطابق ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے زخمیوں کو نکالنے اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، دشوار گزار علاقے کے باوجود ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ولی کاکڑ نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی اور قریبی ہسپتالوں میں منتقلی کا عمل جاری ہے، ضلعی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد تعداد کا تعین کیا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر شیرانی حبیب ناصر کے مطابق بس بلوچستان سے پشاور جارہی تھی، جس میں 48 مسافر سوار تھے۔ حادثے میں چالیس مسافر جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے المناک بس حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم غمزدہ ہے، مشکل کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
