نوعمر لڑکے کی چھتری سے مشہور چینی ’گلاس برج‘ کا پینل ٹوٹ گیا دنیا Roze News
دنیا

نوعمر لڑکے کی چھتری سے مشہور چینی ’گلاس برج‘ کا پینل ٹوٹ گیا

چین کے صوبہ ہینان میں واقع باؤچوان کلف ورلڈ سیاحتی مقام پر شیشے سے بنے مشاہداتی پلیٹ فارم کے ایک پینل کی اوپری حفاظتی تہہ میں دراڑ پڑ گئی، جس کے بعد انتظامیہ نے احتیاطاً تمام سیاحوں کو فوری طور پر وہاں سے نکال لیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دراڑ اس وقت پڑی جب ایک نوعمر لڑکے نے اپنی چھتری کی نوک شیشے پر ماری، جس سے صرف شیشے کی اوپری حفاظتی تہہ متاثر ہوئی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پلیٹ فارم تین تہوں پر مشتمل مضبوط حفاظتی شیشے سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ نیچے کی دونوں تہیں مکمل طور پر محفوظ ہیں، اس لیے پلیٹ فارم کی مضبوطی یا وزن برداشت کرنے کی صلاحیت متاثر نہیں ہوئی۔

حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم متاثرہ شیشے کے پینل کو احتیاطی طور پر تبدیل کیا جائے گا، جس کے لیے اصل تیار کنندہ ادارے سے نیا پینل منگوایا جا رہا ہے۔

انتظامیہ نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شیشے کی سطح پر کسی بھی نوک دار چیز سے ضرب لگانے یا اسے نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کریں تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ باؤچوان کلف ورلڈ سیاحتی مقام کو 2024ء میں چین کے اعلیٰ ترین 5A سیاحتی درجے سے نوازا گیا تھا، جبکہ بلند پہاڑی پر قائم یہ شیشے کا مشاہداتی پلیٹ فارم ہر سال ہزاروں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتا ہے۔

Exit mobile version