محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسم کی صورتحال کے حوالے سے نئی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق کہیں گرمی کی شدت برقرار رہے گی تو کہیں بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔
لاہور میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ فضا میں بادلوں کی موجودگی کے باعث سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں گرمی اور حبس کی کیفیت برقرار ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور نمی کا تناسب 75 فیصد تک پہنچ چکا ہے، تاہم فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جہاں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 24 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے14سے 17 مئی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید موسمی صورتحال کی پیشگوئی جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں اچانک سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی موجود ہے، جبکہ چترال، سوات، دیر، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور کمزور تعمیرات کے قریب جانے سے بچیں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
