آئندہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان معدوم،ریلیف کی امید پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین معیشت و تجارت

آئندہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان معدوم،ریلیف کی امید

آئندہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان معدوم،ریلیف کی امید

آئندہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان معدوم،ریلیف کی امید

آئندہ ہفتے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے، نجی ٹی وی کے مطابق موجودہ عالمی حالات اور خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے باوجود امکان یہی ہے کہ قیمتیں یا تو موجودہ سطح پر برقرار رہیں گی یا پھر معمولی رد و بدل دیکھنے میں آ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے یکم مئی کو جاری کردہ فیصلے کے تحت رواں ہفتے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں چار سو روپے فی لیٹر کے قریب جا پہنچیں۔

اس اضافے کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور درآمدی اخراجات میں اضافہ قرار دیا گیا تھا، جس نے ملکی معیشت پر بھی اثرات مرتب کیے،یکم مئی 2026سے پیٹرول کی قیمت399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت399روپے 58پیسے فی لیٹر تک بڑھا دی گئی۔

اس فیصلے کے بعد عوام کو شدید مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، خصوصاً وہ طبقات جو روزمرہ سفر اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے لیے ایندھن پر انحصار کرتے ہیں۔

گزشتہ ہفتے پیٹرول کی قیمت میں تقریباً چھ روپے اکاون پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں اس سے بھی زیادہ یعنی تقریباً19 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ ریکارڈ کیا گیا،ڈیزل کی قیمت میں اس نمایاں اضافے کے باعث اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری سامان کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مستحکم رہتی ہیں تو آئندہ دنوں میں عوام کو کسی حد تک ریلیف مل سکتا ہے، تاہم طویل مدتی استحکام کے لیے حکومتی پالیسیوں اور عالمی حالات پر گہری نظر رکھنا ضروری ہوگا۔

Exit mobile version