مئی 2026 پاکستانی شہریوں کے لیے آرام اور تفریح کا بھرپور موقع لے کر آنے والا ہے، جہاں مختلف سرکاری تعطیلات، ہفتہ وار چھٹیوں اور ممکنہ عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے باعث مجموعی طور پر 11 دن کی چھٹیاں ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مئی کا آغاز ہی ایک طویل ویک اینڈ سے ہوگا۔ یکم مئی (جمعہ) کو یومِ مزدور کی عام تعطیل ہوگی، جس کے بعد ہفتہ اور اتوار (2 اور 3 مئی) کی چھٹیاں ملا کر شہریوں کو مسلسل 3 روز کا وقفہ میسر آئے گا۔
اس کے علاوہ رواں سال مئی میں عید الاضحیٰ کی آمد بھی متوقع ہے، جس کے لیے چاند کی رویت کے مطابق مختلف امکانات موجود ہیں۔ اگر ذوالحجہ کا چاند 17 مئی کو نظر آ گیا تو عید 27 سے 29 مئی تک منائی جائے گی، جس سے ہفتہ وار تعطیلات کے ساتھ ملا کر مزید طویل چھٹیاں بن جائیں گی۔
دوسری صورت میں اگر چاند نظر نہ آیا اور مہینہ 30 دن کا ہوا تو عید 28 سے 30 مئی تک ہوگی، اور 31 مئی (اتوار) کی چھٹی کے ساتھ یہ وقفہ مزید بڑھ سکتا ہے۔
مزید یہ کہ اگر حکومت کی جانب سے 25 مئی (پیر) کو اضافی چھٹی کا اعلان کیا گیا تو یہ پورا ہفتہ مزید طویل تعطیلات میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے مطابق ذوالحجہ کے چاند کا حتمی فیصلہ 17 مئی کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا، جس کے بعد عید کی تاریخوں کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
مجموعی طور پر مئی 2026 میں یومِ مزدور، ہفتہ وار تعطیلات اور عید الاضحیٰ کے باعث شہریوں کو تقریباً 11 سے 12 دن کی چھٹیاں ملنے کا امکان ہے، جو اسے سال کے مصروف ترین مہینوں میں ایک خوشگوار وقفہ بنا سکتا ہے۔

Leave feedback about this