اکیلی ماں کی 16 سال تک سیمنٹ بوریاں اٹھا کر مشقت سے بچوں کو پالنے کی کہانی سامنے آگئی۔
چین میں ایک سنگل ماں کی جدوجہد بھری کہانی سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگوں کو جذباتی کر گئی، جس نے گزشتہ 16 برس سے تعمیراتی مقامات پر سیمنٹ کی بھاری بوریاں اٹھا کر اپنے بچوں کی پرورش اور تعلیم کا خرچ اٹھایا۔
40 سالہ وی گوئی یون جو چین کے صوبہ ہونان سے تعلق رکھتی ہیں، نے 2010 میں صرف 24 برس کی عمر میں یہ مشقت بھرا کام شروع کیا۔ اُس وقت ان کی بیٹی دو سال جبکہ بیٹا چند ماہ کا تھا۔
وی گوئی یون کے مطابق بچوں کے اخراجات بہت زیادہ تھے جبکہ ان کے شوہر غیر ذمہ دار تھے اور خاندان کی کفالت میں مدد نہیں کرتے تھے، جس کے باعث انہیں خود روزگار اختیار کرنا پڑا۔
خاتون روزانہ 25 کلو وزنی سیمنٹ کی بوریاں سیڑھیوں پر اٹھا کر اوپر لے جاتی ہیں اور ہر بوری فی منزل تین یوآن اجرت حاصل کرتی ہیں، وہ روزانہ تقریباً 100 بوریاں اٹھا کر 300 یوآن تک کما لیتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک وقت میں وہ 150 کلو تک وزن اٹھا لیتی تھیں اور شدید جسمانی تھکن کے باوجود کبھی ہمت نہیں ہاری۔ گزشتہ 16 سال میں ان کی ماہانہ آمدنی 2 ہزار یوآن سے بڑھ کر 9 ہزار یوآن تک پہنچ گئی۔
خاتون نے اپنی محنت سے آبائی علاقے میں گھر بھی تعمیر کیا جبکہ مارچ 2025 سے وہ سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کی ویڈیوز شیئر کر رہی ہیں، جہاں ان کے تقریباً ساڑھے 4 لاکھ فالوورز ہو چکے ہیں۔
وی گوئی یون کا کہنا ہے کہ جب جسم جواب دینے لگتا ہے تب بھی دل ہار ماننے کو تیار نہیں ہوتا، کیونکہ ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنے بچوں کو یونیورسٹی تک پڑھائیں۔
چینی سوشل میڈیا صارفین نے خاتون کی ہمت، قربانی اور محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں حقیقی ہیرو قرار دیا ہے۔

Leave feedback about this