ایران امریکا مذاکراتی کوششیں تیز: فیلڈ مارشل تہران اور وزیراعظم سعودی عرب پہنچ گئے پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین

ایران امریکا مذاکراتی کوششیں تیز: فیلڈ مارشل تہران اور وزیراعظم سعودی عرب پہنچ گئے

ایران امریکا مذاکراتی کوششیں تیز: فیلڈ مارشل تہران اور وزیراعظم سعودی عرب پہنچ گئے

ایران امریکا مذاکراتی کوششیں تیز: فیلڈ مارشل تہران اور وزیراعظم سعودی عرب پہنچ گئے

پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں تہران پہنچ گیا ہے جہاں ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں پر بات ہوگی۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف بھی سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں اعلیٰ سطح ملاقاتیں متوقع ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد تہران پہنچ گیا ہے۔ وفد میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ہمراہ ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران آمد پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وفد کا استقبال کیا، فیلڈ مارشل کا دورہ ثالثی کوششوں کا حصہ ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دورہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جاری بین الاقوامی مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی اہم سفارتی کاوشوں کا حصہ ہے۔ وفد ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کرے گا۔

اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ پاکستان کے ذریعے امریکا سے پیغامات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے اورمذاکرات کے تسلسل میں ایران آج پاکستانی وفد کی میزبانی کر رہا ہے۔

اسماعیل بقائی کے مطابق پاکستانی ثالثی کے ذریعے سفارتی رابطے برقرار ہیں اور مکمل جنگ بندی کے حصول کے لیے مزید بات چیت متوقع ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے ذریعے امریکا کے ساتھ بھی پیغامات کا تبادلہ ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان حالیہ عرصے میں مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے اور بالخصوص ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں کلیدی ثالثی کردار ادا کر رہا ہے، جسے عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف ایک اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ وہ اپنے وفد کے ہمراہ جدہ میں موجود ہیں جہاں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے۔

Exit mobile version