بارشوں کی انٹری! 12 سے 17 اپریل تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی تازہ ترین Roze News
تازہ ترین موسم

بارشوں کی انٹری! 12 سے 17 اپریل تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

بارشوں کی انٹری! 12 سے 17 اپریل تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

بارشوں کی انٹری! 12 سے 17 اپریل تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

ملک میں حالیہ بارشوں کا سلسلہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا کہ محکمہ موسمیات نے ایک اور موسمی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

کراچی میں پہلے ہی معمول سے زیادہ گرمی اور ہیٹ ویو جیسی صورتحال کا الرٹ موجود ہے، جبکہ 12 سے 17 اپریل کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارشوں کا نیا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ دن کے درجہ حرارت میں معمولی سے زیادہ اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔ اس طرح ملک کے ایک حصے میں گرمی اور دوسرے حصے میں بارشوں اور خنکی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

اگلے ہفتے کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، طوفان اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں بشمول مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی اور منڈی بہاؤالدین میں 13 سے 17 اپریل تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 12 سے 17 اپریل تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے، جن میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، غذر، مظفرآباد، باغ، راولا کوٹ، حویلی اور وادی نیلم میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں، موسمی صورتحال سے آگاہ رہیں اور تیز ہوا یا طوفان کے دوران درختوں، کمزور تعمیرات اور تنصیبات سے دور رہیں۔ سیاحوں اور مسافروں کو بھی شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Exit mobile version