مکہ مکرمہ کے قرآن مجید میوزیم میں ان دنوں انیسویں صدی سے تعلق رکھنے والے قرآنِ مجید کے ایک نادر نسخے کی نمائش جاری ہے، جو ثقافتی ضلع حرا میں واقع ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ تاریخی نسخہ اس امر کی بھرپور عکاسی کرتا ہے کہ مسلمانوں نے ہر دور میں قرآنِ مجید کے ساتھ گہری عقیدت وابستہ رکھی، اور اس کی تزئین و آرائش میں غیرمعمولی فنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
اس نادر نسخے کے آغاز، وسط اور اختتام پر نہایت نفیس نقش و نگار، سنہری ملمع کاری اور خوبصورت پھولدار ڈیزائن بنائے گئے ہیں، جو اسلامی فنِ دستکاری کی اعلیٰ روایت کو نمایاں کرتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس نسخہ کی ماضی میں نہایت احتیاط کے ساتھ حفاطت کی گئی تاکہ اس کی باریک اور قیمتی فنکارانہ خصوصیات کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھا جا سکے۔
یہ نادر نسخہ شاہ عبدالعزیز لائبریری میں محفوظ ہے، جو اسلامی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے ادارے کے عزم کا واضح اظہار ہے۔
