صوبائی حکومت نے پشاور اور دیگر 14 اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے کروڑوں روپے مالیت کے کاروباری مراکز کو سیل کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ صوبے کے مختلف کینٹ ایریاز میں گرینڈ آپریشن کے پہلے مرحلے کے طور پر کیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا اور قانونی طور پر کام کرنے والے تاجروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے دائرہ کار میں پشاور کے پانچ اہم بڑے بازاروں سمیت نوتھیہ کے دو، پشاور سٹی کے 34، یونیورسٹی روڈ اور حیات آباد کے 45 جبکہ رنگ روڈ کے 95 اور چارسدہ روڈ کے 39 بازار شامل ہیں۔
اس کے علاوہ جناح پارک روڈ، سبزی منڈی، سکندر پورہ، خوشحال بازار، فقیر آباد، بشیر آباد، افغان کالونی، پیپل منڈی اور اشرف روڈ سمیت درجنوں دیگر مارکیٹوں کی بھی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے جہاں یہ غیر قانونی مراکز قائم ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام غیر قانونی کاروباری مراکز کی مکمل تفصیلات متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور سی سی پی او پشاور کو ارسال کر دی گئی ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے اگلے چند روز میں باقاعدہ گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا تاکہ غیر قانونی طور پر چلنے والے ان تمام تجارتی مراکز کو مکمل طور پر بند کیا جا سکے۔

Leave feedback about this