شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔
اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے علاوہ محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی شریک ہیں۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق شواہد اکھٹے کرے گی، مولانا عبدالخبیر آزاد شوال کا چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق حتمی اعلان کریں گے۔لاہور سمیت پنجاب بھر سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی ، زونل کمیٹی ،پاکستان بھر میں چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ہیں ، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے عیدالفطر 2026 کی ممکنہ تاریخ سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 مارچ بروز جمعرات کو چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
کراچی سے محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق رواں سال پاکستان میں عیدالفطر 21 مارچ بروز ہفتے کو ہونے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شوال 1447 ہجری کا چاند 20 مارچ کی شام نظر آنے کی توقع ہے جب کہ آج چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 19 مارچ بمطابق 29 رمضان کو شام کے وقت شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ہیں کیوں کہ نئے چاند کی پیدائش آج صبح 6 بج کر 23 منٹ پر ہوچکی ہے تاہم آج شام تک چاند کی عمر محض 12 سے 13 گھنٹے ہوگی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانی آنکھ سے رویت کے لیے چاند کی عمر 18 سے 20 گھنٹے ہونا ضروری ہے جو آج پوری نہیں ہو رہی، کم عمر ہونے کی وجہ سے آج چاند نظر آنا ممکن نہیں اور شوال کا چاند کل شام واضح طور پر دیکھا جا سکے گا تاہم عید کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری سے ہوا تھا اور شعبان المعظم کی 29 تاریخ کو ماہ رمضان کا چاند نظر آیا تھا۔

Leave feedback about this