اسلام آباد: ابھرتے ہوئے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی ماحول اور اہم سمندری راستوں میں ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر، پاک بحریہ نے قومی جہاز رانی اور بحری تجارت کو درپیش کثیر الجہتی خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشن "محافظ البحر” کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد قومی توانائی کی بلا تعطل ترسیل اور بحری تجارتی راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
پاک بحریہ کا آپریشن "محافظ البحر” پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون سے انجام دیا جا رہا ہے۔ پاک بحریہ موجودہ سمندری صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت کی مؤثر نگرانی اور کنٹرول کر رہی ہے تاکہ ان کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
پاکستان کی تقریباً 90 فیصد تجارت سمندری راستوں کے ذریعے ہوتی ہے۔ اس آپریشن کا مقصد اہم بحری راستوں کو محفوظ، مستحکم اور تجارت کو بلا تعطل برقرار رکھنا ہے۔ اس وقت پاک بحریہ کے جہاز دو تجارتی جہازوں کو اسکارٹ فراہم کر رہے ہیں جن میں سے ایک آج کراچی پہنچے گا۔
پاک بحریہ ابھرتے ہوئے میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور قومی جہاز رانی کے تحفظ اور خطے میں سمندری سلامتی کے فروغ کے لیے پر عزم ہے۔

Leave feedback about this