وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف اضلاع میں سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 86 غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائیاں شہر کے حساس مقامات، رہائشی علاقوں اور تجارتی مراکز میں کی گئیں جہاں شناختی دستاویزات اور رہائشی ریکارڈ کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی گئی۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی، مری، جہلم اور چکوال میں بھی اسکریننگ آپریشن کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران کرایہ داری قوانین کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی چھان بین بھی جاری ہے۔
حکام کے مطابق آپریشن کے دوران اشتہاری ملزمان کی گرفتاری، منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کی برآمدگی کے لیے بھی مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔
ان مشترکہ کارروائیوں میں پولیس، لیڈی پولیس، رینجرز، ایلیٹ پولیس فورس، ڈولفن اسکواڈ، سی ٹی ڈی اہلکاروں اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندوں نے حصہ لیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق آپریشنز کے دوران مختلف علاقوں میں مشتبہ افراد کی اسکریننگ اور تصدیقی عمل کو مزید سخت کیا گیا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔

Leave feedback about this