عدالت سے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے ملزم کے بارے میں بڑی خبر آگئی پاکستان Roze News
پاکستان تازہ ترین جرائم

عدالت سے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے ملزم کے بارے میں بڑی خبر آگئی

عدالت سے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے ملزم کے بارے میں بڑی خبر آگئی

عدالت سے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے ملزم کے بارے میں بڑی خبر آگئی

ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کی کارروائی کے خلاف ملزم عمر حیات کی درخواست خارج کر دی۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ کی کارروائی میں کوئی قانونی سقم، بے ضابطگی یا دائرہ اختیار کی غلطی ثابت نہیں ہوئی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں موجود تھا جو قانونی طور پر درست حاضری تصور ہوتی ہے، جبکہ عدالتی آرڈر شیٹس کو بھی درست اور مستند تسلیم کیا جاتا ہے۔

عدالت نے واضح کیا کہ ٹرائل کورٹ پر مقدمات کے جلد فیصلے کے لیے روزانہ سماعت کی قانونی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت فوری ٹرائل کا حق وسیع تر عوامی مفاد کا تقاضا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ وکیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ ذاتی سہولت کے بجائے مقدمے کی پیشرفت کے لیے عدالت میں دستیاب رہے، اور محض خدشات کی بنیاد پر کسی عدالتی افسر پر الزامات عائد کرنا درست نہیں کیونکہ جج کی کارروائی کے ساتھ غیر جانبداری کا تصور وابستہ ہوتا ہے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ مزید تاخیر کی صورت میں ملزم کو سرکاری خرچ پر وکیل فراہم کیا جائے اور آئندہ ٹرائل کورٹ کے خلاف غیر مصدقہ الزامات لگانے سے گریز کیا جائے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزم اور وکیل کی عدم موجودگی میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے، اور استدعا کی تھی کہ ان بیانات کو خارج کرکے دوبارہ قلمبند کیا جائے۔ عدالت نے یہ استدعا مسترد کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 2 جون کو اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

قتل کا مقدمہ مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف کی درخواست پر سمبل پولیس اسٹیشن میں دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے ملزم عمر حیات کو گرفتار کر لیا تھا۔

ثنا یوسف سوشل میڈیا پر خاصی مقبول تھیں، ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر قریباً 8 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر لگ بھگ 5 لاکھ فالوورز موجود تھے۔

Exit mobile version