اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ اس بابرکت مہینے کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پڑوسی ملک نے ایک بار پھر پاکستان پر حملہ کیا جس کا ہماری بہادر فوج نے بھرپور اور موثر جواب دیا اور اپنی سرزمین اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے آپریشن ’غضب لال حق‘ پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تمام مسائل پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور ہر ممکن کوشش کی ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ہمارے برادر اسلامی ممالک نے بھی اپنا کردار ادا کیا اور انہیں سمجھانے کی پوری کوشش کی لیکن تمام خلوص اور کوششوں کے باوجود دراندازی اور جارحیت جاری رہی۔
سابق کپتان نے کہا ہے کہ بحیثیت مسلمان مجھ سمیت تمام مسلمانوں کی یہی دعا اور خواہش ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہم سب اللہ تعالی کی عبادت میں مصروف رہیں اور ایک دوسرے کا خون نہ بہائیں۔
شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ یہ پاکستان ہی ہے جو ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا، افغانستان کو سمجھنا چاہیے کہ بھارت کے ایجنڈے پر عمل کرنے سے شکست کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن اپنی خودمختاری اور سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان زندہ باد!
