پاکستان تازہ ترین

حکومت پنجاب کا نیا طیارہ خریدنے کا فیصلہ،انتظامی ضرورت قرار

حکومت پنجاب کا نیا طیارہ خریدنے کا فیصلہ، انتظامی ضرورت قرار

لاہور: حکومت پنجاب نے نیا سرکاری طیارہ خریدنے کے فیصلے کو انتظامی، حفاظتی اور طویل المدتی ریاستی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام صوبے میں مؤثر حکمرانی اور ہنگامی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

سرکاری مؤقف کے مطابق موجودہ طیارہ اپنی تکنیکی عمر پوری کر چکا ہے اور حفاظتی تقاضوں کے پیش نظر اس کی تبدیلی ناگزیر ہو گئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیا طیارہ آئندہ کئی دہائیوں تک صوبے کے انتظامی امور، ہنگامی صورتحال اور عوامی خدمات میں معاون ثابت ہوگا۔

حکومتی دلائل

حکام کے مطابق:

تمام صوبائی حکومتیں انتظامی امور کے لیے فضائی وسائل رکھتی ہیں جن کی دیکھ بھال ریاستی ضرورت سمجھی جاتی ہے۔

پرانا طیارہ مسلسل مرمت اور اضافی اخراجات کا باعث بن رہا تھا جبکہ نیا طیارہ کم آپریشنل لاگت اور بہتر کارکردگی فراہم کرے گا۔

یہ کسی فرد کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ ایک ادارہ جاتی اثاثہ ہوگا جو آئندہ 30 سے 40 سال تک مختلف ادوار میں زیرِ استعمال رہے گا۔

پرانے طیارے کی فروخت اور کارپوریٹ ماڈل کے تحت استعمال سے اخراجات میں توازن پیدا کیا جا سکتا ہے۔

ہنگامی حالات، سیلاب اور قدرتی آفات کے دوران دور دراز علاقوں تک فوری رسائی مؤثر حکمرانی کا تقاضا ہے، خاص طور پر ایک ایسے صوبے میں جس کی آبادی دس کروڑ سے زائد ہے۔

عالمی مثالیں پیش

حکومت نے عالمی مثالوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ California اور Alabama سمیت متعدد ریاستیں اپنے مستقل سرکاری فضائی بیڑے رکھتی ہیں۔ اسی طرح کینیڈا نے حالیہ برسوں میں جدید Bombardier Global 6500 طیارے شامل کیے جبکہ آسٹریلیا نے بھی اپنے سرکاری بیڑے کو جدید جہازوں سے اپ گریڈ کیا ہے۔

حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری وقتی اخراجات کے بجائے طویل مدتی استحکام، ادارہ جاتی تسلسل اور محفوظ آپریشنل صلاحیت کو یقینی بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

تاہم اس فیصلے پر بعض حلقوں کی جانب سے تنقید بھی سامنے آ رہی ہے، جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ تمام قانونی اور مالیاتی تقاضے پورے کیے جائیں گے اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image