پاکستان تازہ ترین

مسلم لیگ ن کے اندرونی اختلافات منظر عام پر، پارٹی قیادت میں محاذ آرائی

مسلم لیگ ن کے اندرونی اختلافات منظر عام پر، پارٹی قیادت میں محاذ آرائی

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں عام انتخابات سے چند ماہ قبل پاکستان مسلم لیگ ن (آزاد کشمیر) میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں، اور پارٹی قیادت کے بعض اراکین نے ایک دوسرے کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔

سابق وزیر حکومت اور مسلم لیگ ن کے سیکریٹری اطلاعات افتخار گیلانی نے کہا کہ بدھ کو سنٹرل پریس کلب مظفرآباد میں بعض ممبران اسمبلی کی پریس کانفرنس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن (آزاد کشمیر) حکومت مخالف سرگرمیوں میں پی ٹی آئی یا اس کے منحرف اراکین کے ساتھ شامل نہیں ہوگی اور کسی بھی سیاسی انتشار یا عدم استحکام کو برداشت نہیں کرے گی۔

افتخار گیلانی نے مزید کہا کہ پارٹی قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں آئندہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے حکومت بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

قبل ازیں صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر اور راجا فاروق حیدر نے اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ آزاد کشمیر میں نیا وزیراعظم آنے والا ہے۔ شاہ غلام قادر نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے پاس واضح اکثریت نہیں ہے اور اگر ان کا رویہ درست نہ ہوا تو عدم اعتماد کی تحریک لائی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب سیکریٹری جنرل طارق فاروق نے شاہ غلام قادر اور فاروق حیدر کی اپوزیشن ممبران کے ساتھ پریس کانفرنس پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ مسلم لیگ ن (آزاد کشمیر) ایک منظم، نظریاتی اور جمہوری جماعت ہے، اور اہم سیاسی فیصلے ہمیشہ جماعت کے پالیسی ساز اداروں کی اجتماعی مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔

طارق فاروق نے واضح کیا کہ حساس اور اہم معاملات، جو پارٹی کی حکمت عملی اور کارکنان کے اعتماد سے جڑے ہوں، انہیں مرکزی صدر نواز شریف، شہباز شریف، مرکزی سیاسی کمیٹی یا مجلس عاملہ میں زیر بحث لانا ہی تنظیمی نظم و ضبط اور جمہوری روایت کا تقاضا ہے۔


Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image