عمان کے بعد ترکیہ نے بھی اعلان کر دیا ہے کہ یکم رمضان 19 فروری کو ہوگا۔
ترک مذہبی امور نے انیس فروری کو ماہِ صیام کے آغاز کا اعلان کیا ہے، استنبول کی مشہور سلیمانیہ مسجد کے میناروں کے درمیان ’رمضان قرآن کا مہینہ ہے‘ کے الفاظ روشن ہو گئے ہیں۔
عمان کے سرکاری میڈیا کے مطابق اٹھارہ فروری کو ماہ شعبان کا آخری روز ہوگا اور جمعرات انیس فروری کو یکم رمضان ہوگا۔
ادھر سعودی عرب مکہ مکرمہ میں رمضان کے مقدس مہینے کے استقبال کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شاہراہیں اور گلیاں رنگ برنگی لائٹس اور فانوسوں سے سجا لی گئی ہیں، مشرق وسطیٰ کے بیش تر ممالک میں ایک ہفتے قبل ہی رمضان کے آغاز کی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
عمان اور ترکیہ کے علاوہ سنگاپور نے بھی ایک ہفتے قبل ہی رمضان کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کیا، اور کہا کہ منگل 17 فروری کو چاند نظر آنا ممکن نہیں ہوگا، جمعرات 19 فروری کو رمضان المبارک کا پہلا روزہ ہوگا، کیوں کہ فلکیاتی حسابات کے مطابق مقررہ رویت کے دن ہلال نظر آنے کا امکان نہیں۔
واضح رہے کہ ترکی میں تمام ہجری مہینوں کا آغاز پیشگی فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، مذہبی امور نے کہا کہ 29 ویں دن کیے گئے حسابات سے ظاہر ہوا کہ منگل 17 فروری کو عرب و اسلامی دنیا اور امریکا میں کہیں بھی چاند نظر آنا ممکن نہیں ہوگا، اس لیے جمعرات کو یکم رمضان مقرر کیا گیا۔

Leave feedback about this