ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز کی پہلی جیت، نمیبیا کو شکست
کولمبو: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں نیدرلینڈز نے نمیبیا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی فتح اپنے نام کر لی۔
نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں ہالینڈ نے ٹاس جیت کر نمیبیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نمیبیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔
نمیبیا کی جانب سے جان نکل نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے 38 گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 42 رنز بنائے۔
157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہالینڈ کی ٹیم نے 18ویں اوور میں ہی میچ جیت لیا۔ نیدرلینڈز کی جانب سے بیس دی لیڈ نے 48 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 72 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
ایونٹ میں اگلا میچ آج نیوزی لینڈ اور یو اے ای کے درمیان ہوگا اور پھر شام کو پاکستان اور امریکا آمنے سامنے ہوں گے۔
