مظفرآباد: مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے صدارتی انتخاب میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اگلا صدر ان کا ہوگا۔
آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے نائب صدر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس اپنا صدر منتخب کرنے کے لیے مطلوبہ اکثریت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ موجودہ قانون ساز اسمبلی نئے صدر کا انتخاب نہ کر سکے اور معاملہ اگلی اسمبلی پر چھوڑ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود کے انتقال کے بعد سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر قائم مقام صدر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
آزاد کشمیر میں اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہے اور پارٹی قیادت نے صدر کے لیے اپنا امیدوار منتخب کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تاہم پارٹی کے اندر مختلف گروپ بھی صدارت کے حصول کے لیے سرگرم ہیں۔
بیرسٹر سلطان گروپ نے مطالبہ کیا ہے کہ صدر کا عہدہ ان کے گروپ کے کسی رکن کو دیا جائے جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی کے اندرونی اختلافات بھی کھل کر سامنے آرہے ہیں۔
دوسری جانب صدارتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق آئینی پیچیدگیاں بھی ہیں۔ صدر کا انتخاب الیکشن کمیشن نے کرانا ہے تاہم آزاد کشمیر میں کچھ عرصے سے چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ خالی ہے جس سے آئینی بحران پیدا ہوگیا ہے۔
