لاہور: مقامی عدالت نے جوئے کی تشہیر سے متعلق کیس میں مشہور یوٹیوبر سعد الرحمان عرف دکی بھائی، ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے الزامات سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی عدالت میں یوٹیوبر سعد الرحمان عرف دکی بھائی اور دیگر ملزمان کے خلاف آن لائن جوئے کی تشہیر کے کیس کی سماعت ہوئی۔ دکی بھائی، ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے کیس کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے ملزمان پر باضابطہ فرد جرم عائد کی جس پر تمام ملزمان نے الزامات سے انکار کرتے ہوئے بے گناہی کا دعویٰ کیا۔
عدالتی کارروائی کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ نے استغاثہ کے موقف اور کیس کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد کیس کو ٹرائل کے مرحلے میں داخل کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے کیس کے اگلے مرحلے کے لیے گواہوں کو 23 فروری کو طلب کر لیا، تاکہ استغاثہ اپنے شواہد پیش کر سکے اور کیس کی مزید سماعت ہو سکے۔
واضح رہے کہ یہ کیس این سی سی آئی اے نے درج کیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر مختلف آن لائن جوئے کی ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کی تشہیر کا الزام ہے، جنہیں پاکستان کے قوانین کے تحت غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے۔ ایف آئی اے کا موقف ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے جوئے کی تشہیر نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ نوجوانوں کو اس لت کی طرف راغب کرنے کا باعث بنتی ہے۔
