اسلام آباد:وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر پولیس نے سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا جس میں قتل بالسبب اور غفلت و لاپروائی سمیت دیگر دفعات کو شامل کیا گیا ہے، درج کیے جانے والے مقدمے کو سیل کر دیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ کی آئی جی سندھ کو دی جانے والی ہدایت کے بعد سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ نمبر 8 سال 2026 بجرم دفعات 322 ، 427 ، 436 اور 337 ایچ ون کے تحت نبی بخش پولیس نے سرکار کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا ہے جس میں قتل بالسبب اور غفلت و لاپرائی سمیت دیگر دفعات کو شامل کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سانحہ گل پلازہ کے بعد 82 لاپتہ افراد کی مرتب کی گئی فہرست میں سے 71 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے تاہم ہفتے کو مزید کوئی لاش یا باقیات نہیں مل سکی۔ انہوں نے بتایا کہ سانحے میں جاں بحق ہونے والے مزید 2 افراد کو شناخت کرلیا گیا جس کے بعد شناخت کی گئی لاشوں کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی۔ تباہ حال گل پلازہ پر تاجروں رہنماؤں نے بھی دورہ کیا اور میڈیا سے بات میں حکومت کو کڑی تنقید کا بھی نشانہ بنایا ۔
17 جنوری ہفتے کی شب سوا دس بجے گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ کو گزشتہ روز ایک ہفتہ گزر گیا جس میں 71 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گل پلازہ میں 82 لاپتہ افراد کی فہرست مرتبی کی گئی ہے تاہم تصدیق کرنے کے بعد لاپتہ افراد کی فائنل لسٹ تیار کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ سانحے میں 71 لاشیں مل چکی ہیں اور جو اب تک لاپتہ ہیں انھیں بھی جلد تلاش کرلیا جائیگا ، انھوں ںے بتایا کہ کچھ ٹیکنیکل وجوہات کی بنا پر آج سرچ آپریشں مکمل نہیں کر پائے تاہم گل پلازہ کی عمارت کو 90 فیصد سرچ کرلیا ہے، سرچنگ کا عمل بہت مشکل کام ہے اس لیے وقت زیادہ لگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گل پلازہ کے ریسکیو آپریشن میں ہمیں نقد رقم اور گولڈ بھی ملا جو کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سٹی عارف عزیز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ نمبر 8 سال 2026 بجرم دفعات 322 ، 427 ، 436 اور 337 ایچ ون کے تحت نبی بخش پولیس نے سرکار کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا ہے جس میں قتل بالسبب اور غفلت و لاپرائی سمیت دیگر دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جو مقدمہ درج ہوا ہے وہ ٹھیک ہے ، ابھی ہم تفتیش کر رہے ہیں جو ہم آپ کے سامنے بھی لائینگے، مقدمہ درج ہو چکا ہے، بیسمنٹ سے ایک ڈی وی آر ملا ہے جس پر کام چل رہا ہے۔
سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد انویسٹی گیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے گل پلازہ کے چوکیداروں ، دکانداروں اور انتظامیہ کے عہدیداروں کے بیانات قلمبند کیے جائینگے اور تفتیش میں اس بات کا بھی تعین کیا جائیگا کہ آگ کیسے لگی، فائر بریگیڈ کا عملہ کب پہنچا ، آگ کس دکان میں لگی اور اس کی کیا وجہ تھی ، گل پلازہ کے کتنے گیٹ کھلے اور بند تھے ، ہنگامی اخراج کے کتنے راستے تھے۔ہفتے کی شب گل پلازہ مینجمنٹ کے صدر تنویر پاستا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ گل پلازہ کے نام سے فنڈ اکھٹا کر رہے ہیں ، گل پلازہ نے پہلے کسی این جی او سے پیسہ لیا ہے اور نہ ہی اب لینگے۔

Leave feedback about this