پاک آسٹریلیا ٹی 20 سیریز کا دلچسپ پرومو جاری، بھارت پر طنزیہ اشاروں نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ٹی 20 سیریز کا پرومو جاری کر دیا ہے، جس میں بھارت کو طنزیہ انداز میں آڑے ہاتھوں لیا گیا ہے۔ پرومو جاری ہوتے ہی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی اور صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے سامنے آ رہے ہیں
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پرومو ویڈیو میں پاکستان کی روایتی مہمان نوازی، کرکٹ سے گہری وابستگی اور دوستانہ ماحول کو نمایاں کیا گیا ہے۔ ویڈیو کے ایک منظر میں ایک آسٹریلوی شہری ٹیکسی میں سفر کرتا ہے، جہاں ٹیکسی ڈرائیور اس سے کرایہ لینے سے انکار کر دیتا ہے۔ آسٹریلوی شہری شکریہ ادا کرتا ہے مگر ہاتھ نہیں ملاتا، جس پر ٹیکسی ڈرائیور مسکراتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہتا ہے کہ ’’ہاتھ ملانا بھول گئے، لگتا ہے پڑوسیوں کے پاس بھی رکے تھے۔‘‘
یہ جملہ بھارتی ٹیم کی جانب اشارہ سمجھا جا رہا ہے، جس پر شائقین کرکٹ نے خوب ردعمل دیا۔ بھارتی ٹیم پر مبنی یہ طنزیہ انداز پرومو کا خاص مرکز بن گیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
پرومو میں ایک اور منظر میں آغا جی کا کردار یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ ’’ویسے تو ہم مہمان نواز ہیں، لیکن بات کرکٹ کی آئے تو مقابلے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔’’ اس مکالمے نے شائقین کرکٹ کے جوش و جذبے کو مزید بڑھا دیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آغاز 29 جنوری سے ہوگا، جبکہ دوسرا اور تیسرا ٹی 20 میچ بالترتیب 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ سیریز کے تمام میچز لاہور میں ہوں گے، جہاں شائقین کرکٹ ایک سنسنی خیز مقابلے کے منتظر ہیں۔

Leave feedback about this