پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں چند سالوں سے خبروں کی سرخیوں میں رہتی ہیں کیوں کہ حکومت ہر 15 دنوں کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کرتی ہے اور ہر خاص و عام کو تجسس ہوتا ہے کہ اب کی بار پیٹرول کی قیمت بڑھے گی یا کم ہو گی؟
گزشتہ 2 ماہ میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے تک کی کمی ہو چکی ہے اور اس مرتبہ پیٹرول کی قیمت میں مزید 4 سے 5 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 248 روپے فی لیٹر تک آ سکتی ہے، نومبر 2024 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ پیٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر سے کم ہو گی۔
حکومت نے یکم جنوری 2026 کو جب پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے کی بڑی کمی کی تھی تو اس وقت عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 60 ڈالر فی بیرل تھی جو کہ اب 3 ڈالر بڑھ کر 63 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے اسی طرح 31 دسمبر 2025 کو ڈالر کی قیمت 278 روپے تھی جو کہ اب بڑھ کر 280 روپے ہو گئی ہے۔
پیٹرول کی قیمت کا تعین کرتے وقت عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت اور ڈالر کے ریٹ کو مد نظر رکھا جاتا ہے لہٰذا اسی بنیاد پر تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 4 سے 5 روپے کی کمی کا امکان کم ہے یا تو پیٹرول کی قیمت میں معمولی اضافہ ہوگا یا یہ قیمتیں برقرار رکھی جائیں گے تاہم حتمی فیصلہ اوگرا کی سمری کی روشنی میں وزارت خزانہ آج رات 12 بجے سے قبل کرے گی۔
پاکستان میں پیٹرول کی قیمت سب سے زیادہ سال ستمبر 2023 میں ہوئی تھی جب فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 331 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھی، اس کے بعد قیمتوں میں کمی کا سلسلہ شروع ہوا اور ایک سال میں اتار چڑھاؤ کے بعد ستمبر 2024 میں قیمت 247 روپے فی لیٹر تک ہو گئی تھی، سال 2025 میں پیٹرول کی قیمت سب سے زیادہ جولائی 2025 کو 272 روپے فی لیٹر تک گئی تھی اور سب سے کم مئی میں 252 روپے فی لیٹر تھی، اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر کی قیمت 253 روپے فی لیٹر ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ بجٹ سے قبل حکومت نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران یہ طے کیا تھا کہ آئندہ مالی سال میں پیٹرولیم لیوی کو بتدریج 100 روپے فی لیٹر تک بڑھایا جائے گا، اگرچہ فی الحال مکمل 100 روپے لیوی لاگو نہیں ہوئی، لیکن پیٹرول کی موجودہ قیمت میں 78 روپے 2 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی اور 14 روپے 37 پیسے کسٹمز ڈیوٹی کے شامل ہیں، جو فی لیٹر کی قیمت میں صارفین سے وصول کیے جا رہے ہیں۔
کیا پیٹرول کی قیمت 15 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے والی ہے؟

کیا پیٹرول کی قیمت 15 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے والی ہے؟