سال نو کا پہلا سُپر مون آج رات آسمان پر جلوہ گر ہوگا، چاند معمول سے بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دے گا۔
تفصیلات کے مطابق سال نو کی پہلی فلکیاتی دلکشی آج رات دیکھنے کو ملے گی، جب سال 2026 کا پہلا سُپر مون آسمان پر نمودار ہوگا۔ اس موقع پر پورا چاند معمول کے مقابلے میں بڑا اور زیادہ چمکدار دکھائی دے گا، جو آسمان کو دلکش منظر فراہم کرے گا۔
پاکستان میں سپر مون کا آغاز شام 5 بج کر 51 منٹ پر ہوگا۔ خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے مطابق اس موقع پر چاند عام چاند کے مقابلے میں تقریباً 6 سے 7 فیصد زیادہ بڑا دکھائی دے گا، جب کہ اس کی روشنی بھی معمول سے کہیں زیادہ ہوگی۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق اس سپر مون کو روایتی طور پر ’’وولف مون‘‘ کہا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا سب سے حسین اور واضح منظر چاند کے طلوع کے وقت، یعنی رات کے ابتدائی حصے میں دیکھا جا سکے گا، جب چاند افق کے قریب ہوگا اور اس کا سائز زیادہ نمایاں محسوس ہوگا
ماہرین فلکیات کے مطابق یہ سپر مون اکتوبر 2025 میں شروع ہونے والے سپر مونز کے سلسلے کا آخری سپر مون ہوگا، جس کی وجہ سے یہ فلکیاتی مظہر مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ سپر مون اس وقت ظاہر ہوتا ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے عام فاصلے کے مقابلے میں زیادہ قریب آ جاتا ہے۔ اس قربت کے باعث چاند زمین سے دیکھنے پر معمول سے زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے، جو فلکیات کے شوقین افراد کے لیے ایک خاص اور یادگار منظر ہوتا ہے۔

Leave feedback about this