موسم

سردی کی شدت بڑھ گئی! بارش کب تھمے گی؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی نے سب کو چونکا دیا

سردی کی شدت بڑھ گئی! بارش کب تھمے گی؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی نے سب کو چونکا دیا

محکمہ موسمیات کی وارننگ! آئندہ 2 جنوری تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق، آج سے 2 جنوری تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں ہونے کا امکان ہے، جن میں پنجاب کے متعدد شہر بھی شامل ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور سردیوں کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، جس نے عوام کو سیاحتی مقامات کی طرف راغب کر دیا ہے۔

گلیات، نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، جبکہ ایبٹ آباد اور اس کے گردونواح، میرپور شہر اور گردونواح میں بارش کے بعد سردی میں اضافہ دیکھا گیا۔ اسلام آباد میں بھی بادل برسنے کا سلسلہ جاری رہا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوتی رہی، سرگودھا شہر اور گردونواح میں کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ خیبرپختونخوا میں بھی موسم نے انگڑائی لی، جہاں پشاور میں بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی۔ مردان شہر اور اس کے گردونواح میں بھی بارش ہوئی، جبکہ سوات کے بالائی علاقوں کالام اور مالم جبہ میں دوسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور برفباری شروع ہو گئی ہے۔ زیارت، چمن، کان مہترزئی اور توبہ اچکزئی میں برفباری ہوئی، جبکہ پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات سمیت دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

حکام کے مطابق آج رات اور یکم جنوری کے دوران ناران، کاغان، دیر، سوات اور کوہستان میں بھی برفباری کا امکان ہے۔ مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ اور اسکردو میں مزید برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خطرہ ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے، جس سے کچھ علاقوں میں سفر کے دوران مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image