لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر افغان طالب، نائب صدر صائمہ نواز، جنرل سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور گورننگ باڈی کے دیگر اراکین نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے لاہور دورے کے دوران صحافیوں پر تشدد اور بدسلوکی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے سکیورٹی گارڈز نے سینئر صحافی رائود لشاد، عدنان شیخ، الفت مغل، وقاص غوری اور دیگر صحافیوں کے ساتھ مارپیٹ کی اور انہیں دھکے دیے۔ واقعے کے دوران صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے میں رکاوٹ پیدا کی گئی، جس نے میڈیا کے آزادانہ کام کو بھی متاثر کیا۔
صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سکیورٹی گارڈز نے ثابت کیا ہے کہ وہ تہذیب اور پیشہ ورانہ اقدار سے عاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ ایسے واقعات ہرگز قابل قبول نہیں اور یہ میڈیا کی آزادی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
ارشد انصاری نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے صحافیوں پر تشدد، بدتمیزی اور بدتہذیبی کو ایک روایت بنا لیا ہے، اور ایسے رویے میڈیا کے اعتماد اور آزادی کے لیے نقصان دہ ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملوث سکیورٹی گارڈز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس پر فوری ایکشن نہ لیا گیا تو لاہور کے صحافی آئندہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے لاہور میں ہونے والے تمام پروگرامز اور تقریبات کا بائیکاٹ کریں گے۔

Leave feedback about this